ٹرمپ کی جانب سے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان جلد متوقع
واشنگٹن(نمائندہ خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان جلد متوقع ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکا کے دو معروف اخبارات نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹس شائع کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر بہت جلد ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے کو مسترد کرنے والے ہیں اور اس کی وجہ یہ بیان کی جائے گی کہ یہ معاہدہ امریکا کے مفاد میں نہیں ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ امریکی صدر تہران کے حوالے سے وسیع امریکی حکمت عملی کا بھی اعلان کریں گے۔ معاہدہ ختم ہونے کے بعد ایران پر اقتصادی پابندیاں دوبارہ عائد کردی جائیں گی۔

