ایمر ڈیل اداکار بھاسکر پٹیل کا جنوبی ایشیائیوں سے سٹروک پر آگاہی کیلئے زور
لندن (خصوصی نمائندہ) ایمرڈیل سٹار بھاسکر پٹیل نے جنوبی ایشیائی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سٹروک کی عمومی علامات سے آگاہی حاصل کریں جس پر پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی حالیہ نیشنل ایکٹ فاسٹ کمپین میں روشنی ڈالی گئی تھی۔ ایکٹ فاسٹ میں سٹروک کی اہم علامات اور خود میں یا کسی دوسرے شخص میں کوئی ایک علامت نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر 999سے رابطے کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو یاد دہانی کرائی گئی۔ سٹروک برطانیہ میں ہونے والی اموات کی چوتھی بڑی وجہ ہے اور جنوبی ایشیائی ذیابیطیس اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے اپنے سفید فام ہم عصروں کی بہ نسبت انتہائی خدشات کے شکار ہوتے ہیں۔ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر سٹروک کا اہم سبب بنتے ہیں۔ نئے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر سال سٹروک کے نتیجے میں 40,000 افراد جاں بحق اور تقریباً دو تہائی معذور ہو کر ہسپتالوں میں زیر علاج ہوتے ہیں، لوگوں میں 55 سال یا زائد عمر ہونے کی صورت میں سٹروک کے امکانات ہوتے ہیں مگر ایشیائی باشندوں کو کم عمری میں ہی اس کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔ ایمر ڈیل اداکارہ بھاسکر پٹیل نے کہا ہے کہ سٹروک ایک سنجیدہ میڈیکل ایمرجنسی ہے جس کے نتیجے میں معذوری اور موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔ جنوبی ایشیائی باشندوں میں اپنے سفید فاہم ہم عصروں کے مقابلے میں سٹروک کے خدشات دگنے ہوتے ہیں۔

