طوفان ڈوری نے بر طا نیہ میں تبا ہی مچادی خا تون ہلا ک ہزاروں گھر اور دکا نیں بجلی سے محروم
لندن/ برمنگھم/ بینبری/ بولٹن( خصوصی نمائندہ) طوفان ڈوری نے برطانیہ کے بیشتر علاقوں میں تباہی مچادی ہے جبکہ طوفان سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی ہے۔اورشمالی انگلینڈ، ایسٹ اینگلیا۔ نارتھ ویلز اور مڈ لینڈز شدید ہوائوں کی لپیٹ میں ہیں اور سکاٹ لینڈ کے بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی ہے ، طوفان کی وجہ سے ہیتھرو ایئر پورٹ پر آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والی متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں ،مسافروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ انھیں ریل اور سڑک کے راستے سفر کے دوران رکاوٹوں کاسامنا کرنا پڑ سکتاہے،شمالی آئر لینڈ میں طوفان کی وجہ سے درخت گرنے کی وجہ سےکم وبیش 7ہزار گھر اور دکانیں بجلی سے محروم ہوگئے ہیں، اورڈارٹ فورٹ کراسنگ کے قریب سے کینٹ اور ایسیکس کو ملانے والی انگلینڈ کی شاہراہیںبند کردی گئی ہیں،جبکہ سکاٹ لینڈ میں برفباری کی وجہ سےایچن کلنز اورجنوب کی جانب جانے والی سڑک پر 9نمبر چوراہے پر بینک برن پر برفباری کی وجہ سے شمال کی جانب جانے والی ایم 80،بند کردی گئی ہے۔موسم سے متعلق پیش گوئی میں سکاٹ لینڈ میں 18-12انچ تک برف پڑنے کی توقع ہے۔جبکہ کیپل کیورگ میں 94میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہیتھرو ایئر پورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر 77پروازیں منسوخ کرنے کی اطلاع دی ہے اور کہاہے کہ خراب موسم کی وجہ سے اس نے 10فیصد پروازیں کم کردی ہیں۔ایر لنگس نے برطانیہ اور جمہوریہ آئر لینڈ کے درمیان اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں،ٹرینوں کے مختلف روٹس پر رفتار50میل کردی گئی ہے جس کی وجہ سے ویلز، چلترن ریلویز، ایسٹ مڈ لینڈ ٹرینز ،گرانڈ سینٹرل، گریٹ ناردرن ،سائوتھ ویسٹ اور سائوتھ ایسٹرن سروسز پر ٹرینوں کی آمد میں تاخیر ہورہی ہے۔ ایک خاتون ترجمان نے بتایا ہےکہ ہیتھرو پر گنجائش کے99فیصد کے مساوی کام ہورہاہے اور تاخیر کاشکار ہونے والی پروازوں کیلئے اب اس ہوائی اڈے پر کوئی گنجائش نہیں ہے۔ لوگوں سے کہاگیاہے کہ بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی صورت میں 105پر رابطہ کریں،ناردرن آئرلینڈ الیکٹرک نے 14ہزار صارفین کی بجلی بحال کرنے کادعویٰ کیاہے۔ ماحولیات سے متعلق ایجنسی نے برطانیہ میں سیلاب کی کوئی پیش گوئی نہیں کی ہےتاہم مزید بارش ہونے اور تیز ہوائوں کاسلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شمالی انگلینڈ کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کیلئے زرد وارننگ جاری کردی ہے۔پیشگوئی کے مطابق اختتام ہفتہ اور اگلے ہفتے بھی مزید بارش ہونے اور تیزہوائیں چلنے کاامکان ہے لیکن اس کی شدت طوفان ڈوری جیسی نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں ولور ہمپٹن کی ڈڈلی سٹریٹ میں طوفان کے دوران عمارتی ملبے کی زد میں آکر ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ اسے سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں۔ برمنگھم سے نمائندہ جنگ کے مطابق ویسٹ مڈلینڈز کے پورے علاقے میں طوفان سے معلومات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے موٹر ایم 6سمیت ویسٹ مڈ لینڈز کے اطراف میں موٹرویزے پر برف گرنے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا جبکہ ٹرینوں اور ہوائی جہازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ ڈڈلی چڑیا گھر میں غیر معینہ مدت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ اولڈہم سے نمائندہ جنگ کے مطابق اولڈہم اور گردونواح میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ جگہ جگہ درخت گرنے کی اطلاعات ہیں، کچھ مقامات پر گاڑیوں پر درخت یا گھروں کی ٹائلز گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بینبری سے نمائندہ جنگ کے مطابق برطانیہ بھر کی طرح بینبری بھی ڈوری طوفان کے زیر اثر رہا۔ بدھ کی رات سے ہی زور دار طوفانی ہواہیں چلنی شروع ہوئیں جن میں جمعرات کی صبح تک شدت آگئی تھی، ہوائیں اس قدر زور دار تھیں کہ جب گھروں کی کھڑکیوںسے ٹکڑاتی تو لوگ لرز اٹھتے،طوفان کی وجہ اٹلانٹک سے آنے والا گہرا کم دبائو والا سسٹم بتایا گیا، تیز ہوائوں کے جھکڑ چلنے کے باعث لوگوں نے ضرورتاً ہی باہر نکلنے کو ترجیح دی۔ صبح کے وقت وہ والدین جو اپنے بچوں کو گھر سے نزدیک سکول ہونے کے باعث پیدل سکول لے کر جاتے ہیں انھوں نے بھی گاڑیوںسے جانے کو ہی مناسب سمجھا کیونکہ پیدل چلنے والوں کو خاصی دشواری کا سامنا ہو رہا تھا۔ خاص کر سائیکل سوار اور موٹر سائیکل چلانے والوں کو بھی بہت دشواری رہی۔ کئی مقامات پر معمر اور کمزور لوگ فٹ پاتھوں پر نصب پولز کے سہارے چلتے نظر آرہے تھے ، بینبری کے ارد گرد کے ٹائونز میں پاور کٹ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ تمام دن ایمبولنس کے سائرن بھی سنائی دیتے رہے۔ بولٹن سے نمائندہ جنگ کے مطابق برطانیہ کے مختلف علاقوں کی طرح بولٹن میں بھی طوفانی ہواؤں سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا، تیز ہواؤں سے مکانوں، دکانوں اور گرجا گھروں کو نقصان پہنچا۔ مختلف مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک 40سالہ خاتون زخمی ہوگئی جبکہ بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے 600مکانات اندھیرے میں ڈوب گئے۔

