گھریلو زیادتی کرنے والوں کو متاثرین سے جرح کی اجازت نہیں دی جائے گی
لندن (خصوصی نمائندہ) گھریلو زیادتی کرنے والوں کو اب انگلینڈ اور ویلز کی عائلی عدالتوں میں اپنے سابق پارٹنرز سے جرح کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ اعلان جسٹس سیکرٹری کرنے والی ہیں۔ لز ٹرس اس پابندی کو توسیع دیں گی جو پہلے ہی فوجداری عدالتوں میں نافذ ہے۔ انہوں نے متاثرین کی حمایت کرنے والے گروپوں کی کمپین کے بعد ایک ایمرجنسی کا حکم گزشتہ ماہ دیا تھا۔ یہ دی پرزنز اینڈ کورٹس بل کا حصہ ہے جس کے تحت موبائل فون اور منشیات کے استعمال سے نمٹنے کے اقدامات سمیت پرزن سسٹم میں بڑی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ جسٹس منسٹر سر اولیور ہیلڈ نے کہا ہے کہ متاثرین اور بے سہارا افراد ہماری تبدیلیوں کا حصہ ہیں جن سے تمام افراد کو زیادہ جلدی انصاف فراہم ہوگا۔ لز ٹرس نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ جیلیں نظم و ضبط اور بہتری لانے والی جگہیں ہوں۔ شیڈو جسٹس سیکرٹری رچرڈ برگون نے کہا ہے کہ کنزرویٹو کا پرزن اینڈ کورٹس بل جیلوں کے بحران سے نمٹنے میں ناکام ہے۔ جیلوں کو مجرموں کی اصلاح کرنی چاہیے۔ تاہم یہ تجاویز سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں۔ صورتحال بہت سنگین ہے جس کا ادراک کیا جانا چاہیے۔

