آپر یشن ردالفساد کی حما یت کر تے ہیں،دہشت گر دوں کا خا تمہ ضروری ہے،مزہبی سیا سی سما جی رہنما
لندن/ برمنگھم (خصوصی نمائندہ )آپریشن ردالفساد کا فیصلہ صحیح اور بروقت ہے۔ ضرب عضب کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کے بعد دہشت گردوں کا سردوبارہ اٹھنے سے پہلے ہی کچلنا ہوگا، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ آپریشن ردالفساد میں پاک فوج کی آواز پر پوری قوم اور تمام ادارے ہم آواز ہیں، دہشت گردوں کو صفحۂ ہستی سے مٹاکر دم لیں گے۔ پاکستان بھر کی طرح برطانیہ بھر سے اوورسیز کمیونٹی نے آپریشن ردالفساد کی مکمل حمایت کی ہے۔ پاکستان فورم کے چیئرمین قاری تصویرالحق مدنی نے کہا کہ حالیہ دھماکوں کی نئی لہر پر ہم نے متفقہ طور پر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ دہشت گردی کی اس نئی لہر کو سرے سے ختم کرنے کیلئے پوری قوت کیساتھ بلاتفریق ایک نئے آپریشن کی ضرورت ہے۔ ردالفساد آپریشن کا آغاز دراصل پوری قوم کی ترجمانی ہے کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈ کے چیف آرگنائزر چوہدری خادم حسین اور پی پی کے رہنما چوہدری شاہ نواز نے آپریشن ردالفساد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امن کو قائم رکھنے کیلئے ضروری تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ سابق مشیرحکومت وپاکستان پیپلزپارٹی کے ممبرفیڈرل کونسل محمد سعید مغل MBE، نوجوان سیاسی رہنما عرفان افضل بٹ نے کہا کہ دہشت گردوں کی مذمت نہیں مرمت کی سخت ضرورت ہے اور آپریشن ردالفساد سے ان کی خوب مرمت ہوگی۔ انٹرنیشنل مسلم فورم کے چیئرمین صاحبزادہ محمد رفیق چشتی ، تنظیم المدارس برطانیہ کے ناظم اعلیٰ امام حفیظ الرحمٰن چشتی نے کہا کہ کسی ایک مقام یا صوبے میں آپریشن ہونے سے دہشت گرد دوسری جگہوں پر منتقل ہوجاتے ہیں، آپریشن بلاتفریق پورے ملک میں بیک وقت شروع کرنے سے ہی چھٹکارا ممکن ہے۔ کُل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر راجہ اسحاق صابر اور چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں نے آپریشن ردالفساد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کی مرمت ہی سے ملک میں امن قائم ہوسکتا ہے۔دریں اثناء مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے بانی اور سرپرست اعلیٰ مفکر اسلام علامہ پیرسید عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ افواج پاکستان کا آپریشن ردالفساد پوری پاکستان کی آواز اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے ساری قوم کی زبان پر افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں کی آواز سنائی دی جارہی ہے اور دل و جان سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نڈربہادر جرأت مند افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس پاکیزہ مشن کی کامیابی کیلئے پوری قوم کی دعائیں اور انشاءاللہ اس کو تائید الہی بھی حاصل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن، لوٹن، برمنگھم، شفیلڈ، برٹن آف ٹرنٹ، ٹل فورڈ، آکسفورڈ کے ایک ہفتہ کا دورہ مکمل ہونے کے بعد اپنے اختتامی خطاب میں کیا، انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ کو پاکستان کی سالمیت وبقا کیلئے نہ صرف متحد اور منظم ہوکر تحریک پاکستان کی طرز پر آگے بڑھنا ہوگا اور دہشت گردی کی اس لعنت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کرنا ہوگا اور اسلام کے مقدس نام پر قائم کئے گئے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کو پھرایک مرتبہ کراچی سے لے کر طورخم تک امن و سلامتی کا گہوارہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علماء سو جن کی دہشت گردوں کے خلاف آواز بند ہے ان کی خاموشی کو عوام بے نقاب کریں اور ان سے مکمل طور پر اظہار لاتعلقی بھی کریں۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے مرکزی صدر خطیب اسلام علامہ پروفیسر سیداحمد حسین ترمذی نے کہا کہ ان اسلام دشمن دہشت گردوں نے پورے عالم اسلام کے امن کو تباہ کرنے کا ایجنڈا تیار کررکھا ہے اور اسے اسلام دشمن قوتوں کی حمایت وامداد حاصل ہے اس لئے اب یہ ضروری ہوگیا کہ تمام اسلامی ممالک کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایک ملت واحدہ بن کر ان اسلام دشمن قوتوں کا مل کر اور ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے جنرل سیکرٹری خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ ہماری جماعت کا ہرفرد ان خوارج، ظالم دہشت گردوں اور ملک وملت کے دشمنوں کے خلاف اٹھے گا۔ آپریشن ضرب عضب اور اب آپریشن ردالفساد سب کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ و یورپ میں مقیم علمائے کرام مشائخ، خطباء اور آئمہ مساجد سے اپیل کی کہ آج جمعۃ المبارک کے موقع پر شہداء کیلئے بلندی درجات کیلئے زخمیوں وبیماروں کی صحت یابی کیلئےاور آپریشن ردالفساد کی حمایت میں قراردادیں بھی منظور کرائیں۔ علمائے کرام نے پنجاب میں فوج کے آپریشن ردالفساد کے بارے میں کہا کہ اس آپریشن کے ذریعے نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا بلکہ بہت سے چہرے بھی بے نقاب ہوں گے جو ان کی سرپرستی کرتے تھے اور سہولت کار بنے ہوئے تھے۔ ان علمائے کرام میں علامہ صاحبزادہ مظہرحسین گیلانی، علامہ مفسر قرآن قاضی عبداللطیف قادری، علامہ پیرزادہ انورحسین کاظمی، علامہ مفتی محمد خان قادری، علامہ صاحبزادہ سیدنوراحمد کاظمی، علامہ مفتی عبدالرحمان نقشبندی، علامہ حافظ محمد فاروق چشتی، علامہ قاری واجد حسین چشتی، علامہ حافظ نذیراحمد مہروی، علامہ صاحبزادہ سید زین العابدین، علامہ صاحبزادہ حیدرشاہ، خلیفہ الحاج عبدالرحمان قادری، علامہ طارق محمود مجاہد قادری، صوفی محمد حسین طارق قادری، علامہ حافظ عاصم حسین، علامہ میاں ساجد لطیف قادری و دیگر شامل ہیں۔ آخر میں مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر سید عبدالقادر گیلانی نے پوری ملت اسلامیہ کے اتحاد اور پاکستان کی سالمیت وبقا کیلئے خصوصی دعا کی۔ دریں اثناء چئیرمین کاروانِ فکر برطانیہ شاکر قریشی، صدر ڈاکڑ مظہر الہی اور دیگرممبران نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آپریشن ردالفساد ناگزیر ہو چکا تھا اب دہشت گرد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے حکم کےباعث فوری نتائج ملیں گے۔ ڈاکٹر مظہر الہی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام دفاعی ادارے، افواج پاکستان اور حکومت اس آپریشن کا حصہ ہیں۔ شاکر قریشی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں، پاکستان کی بری، بحری، ہوائی افواج اور سیکرٹ ایجنسیوں میں ہائی الرٹ کی صورتحال میں قوم یکجہتی کے ساتھ افواجِ پاکستان اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ، تمام سیاسی جماعتوں اور میڈیا کو بھی سول اور عسکری قیادت کی طرح ایک صفحے پر آنا ھوگا۔ کونسلر عبید خان نائب صدر اور عدنان ملک جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ہمیں اپنی سرزمین کو دہشت گردوں، دشمن ایجنسیوں کے ایجنٹس اور اسلحہ و بارود سے پاک کرنا ہوگا۔

