پاکستا ن کو اند رونی اور بیر ونی دشمنوں کا سا منا ہے، متحد ہو کر مقابلہ کر نا ہوگا، کا مران ما ئیکل
لندن ( خصوصی نمائندہ)نواز شریف لوورز برطانیہ کی طرف سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کامران مائیکل نے کہا کہ آج کی اس تقریب میں جتنے بھی لوگ بیٹھے ہیںہم سب کا تعلق پاکستان سے ہے اور ہم اپنے ملک سے بے حد پیار کرتے ہیں ۔ محبت ،بھائی چارے ،اخوت اورروداری کی بات کی خوبیوں سے پاکستان بنتا ہے ۔ جب تک ہم پاکستان کی بنیادوں میں محبت ‘ اخوت اور بھائی چارے کو فروغ نہیں دیں گے اس وقت تک یہ بنیادیں مضبوط نہیں ہو سکتیں ۔ ہم سب کو باہم مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے خدا نے پاکستان کو بہت ہی زرخیز خطہ عطاکیا ہے ۔ ہم نے اور ہمارے آباءو اجداد نے مل اس ملک میں محبتوں کو پروان چڑھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وطن عظیم کے سپوت ہونے کے ناطے ہمیں ان لوگوں کو ناکام کرنا چاہئے جو میلی آنکھ سے ہمارے وطن کی طرف دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اس وقت اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا سامنا ہے ایک وہ جو سرحد پار سے کارروائیاں کرتے ہیں اور دوسرے وہ دشمن جو ملک میں رہتے ہوئے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے ہیں ۔ یہ وہی لوگ ہیں جو اس ملک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے اور یہ لوگ اغیار کے ساتھ مل کر اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا ہمیں من حیث القوم متحد ہونا پڑے گا کیونکہ جب قومیں متحد ہوتی ہیں تو پھر دنیا کی کوئی طاقت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ۔ آخر میں انہوں نے ناصر بٹ ‘ ملک ریاض ‘ ڈاکٹر اشرف چوہان ‘ انجم چوہدری و دیگر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نواز شریف لوورز دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرے گی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصدرنواز شریف لوورز ناصر بٹ نے کہا کہ ملک کی صورتحال کے متعلق محترم کامران مائیکل نے بہت اچھی گفتگو کی۔میں کامران مائیکل کا بہت شکر گزار ہوں کہ وہ تشریف لائے ۔ ناصر بٹ نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر یہ نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرے ۔ جب سے سی پیک منصوبہ شروع ہوا ہے تب سے دشمن طاقتیں اسی کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح یہ منصوبہ رک جائے لیکن انشاءاللہ یہ منصوبہ رکے گا نہیں کیونکہ تمام پاکستانی ترقی کی راہ میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو مل کر دور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان جانبازوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر دو دہشت گردوں کو مار گرایا۔چاروں صوبے اس بات پر متفق ہیں کہ ہم نے اپنے دشمن کو کسی قیمت پر نہیں چھوڑنا اور نہ ہی ان کو معافی دینی ہے۔ہمارے دشمن بھارت کو یہ تکلیف لاحق ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور یہ بات بھارت کو بری طرح کھٹک رہی ہے،اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ چیئرمین نواز شریف لوورز ملک ریاض نے کہا کامران مائیکل نے آج ثابت کر دیا کہ وہ ہر اس شخص کے ساتھ ہیں جو نواز شریف کے ساتھ ہے جو قائد اعظم کے پاکستان کے ساتھ ہے ۔پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،خون کی ہولی سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کا امن تباہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف کے پیغامات سے جو حوصلہ اور جذبہ پوری قوم کو ملا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ پاکستانی سیسہ پلائی دیوار کی طرح ایک جان ،ایک قوم بن کر ایک ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا ملک کے دفاع کے لئے ہمیشہ صف اوّل میں رہتے ہوئے ہمارے فوجی جوان ہمیشہ تیار رہتے ہیں ۔ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی نے ان دشمن عناصر کے منہ پر زور دار طمانچہ مارا ہے جو پاکستان سے کرکٹ کے وجود کو ہی مٹانا چاہتے تھے اور اس کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔ آج پاکستان سپر لیگ پوری دنیا میں اپنی پہچان بنا چکی ہے ۔ ملک ریاض نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے پوری کوشش کی تھی کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان کے شہر لاہور میں نہ ہو لیکن سب نے دیکھ لیا کہ آخری فیصلہ پاکستانی قوم نے کیا اور پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا ۔ سی پیک کو لے کر دنیا کی بہت سی طاقتوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں ۔ سی پیک کی کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی کامیابی ہے اور اس کی کامیابی کا سہرا پاکستان کے سر جاتا ہے جس کی چند ممالک کو تکلیف ہے ۔ انڈیا اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے پاکستان کو غیر محفوظ ملک ثابت کرنا چاہتا ہے لیکن انڈیا چاہے جتنا بھی زور لگا لے وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا اور انشاءاللہ ذلت بھارت کا مقدر ہو گی اور کامیابی و ترقی پاکستان کے قدم چومے گی۔چیئرمین بورڈ آف ایڈوائزری نواز شریف لوورز ڈاکٹر اشرف چوہان نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ میں آج اس تقریب میں شریک ہوں ۔ میں مسلم لیگ ن کی وجہ سے ایم پی اے رہا لیکن عرصہ دراز سے تنظیمی معاملات میں نہیں آیا ۔مجھے جب پتا چلا کہ نواز شریف لوورز قیام عمل میں لایا گیا ہے تومیں نے سوچا کہ اس میں میرا شامل ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ اس طرح ہم اپنے قائد کو محبت کا نذرانہ پیش کر سکتے ہے ۔ تقریب سے دیگر خطاب کرنے والوں میں انجم چوہدری ‘ بیرسٹر سہیل ‘ باؤ جی ‘ راجہ سکندر شامل تھے ۔

