گردن توڑ بخار عازمین عمرہ کیلئے خطرناک ہے، ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج
برمنگھم (خصوصی نمائندہ) برطانیہ سے بڑی تعداد میں عمرہ کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لئے جانے والے عازمین کو ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے خبردار کیا ہے کہ وہ اس سفر کے دوران اپنی صحت و تندرستی کی حفاظت سے ہرگز غفلت اور کوتاہی نہ برتیں۔ مقدس فریضہ کی ادائیگی اور حرمین شریفین میں عبادات کو پُرسکون طور ادا کرنے کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر تندرست ہونا انتہائی ضروری ہے۔ مینجائٹس (گردن توڑ بخار) عازمین کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔ حالیہ برسوں میں اس کی وجہ سے بیس سے زائد برٹش عازمین کی افسوسناک اموات واقع ہوچکی ہیں اس لئے عمرہ پر روانہ ہونے سے پہلے عازمین اپنے ڈاکٹر سے اس سے بچائو کا انجکشن ضرور لگوا کر جائیں۔ سعودی حکومت نے بھی ویزا کے حصول کیلئے اس انجکشن کو لگوانا لازمی قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ موسم وہاں خاصا گرم ہے۔ اس لئے ہر ممکن احتیاط برتتے ہوئے بلا ضرورت دھوپ میں گھومنے سے بچا جائے، چھتری کا استعمال رکھیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، کھانے میں احتیاط رکھیں، غذا ہمیشہ سادہ اور کم استعمل کریں، بلڈ پریشر، شوگر، دل کی بیماری یا دیگر بیماریوں کی وجہ سے اگر آپ باقاعدگی سے ادویات لے رہے ہیں تو ان کو ساتھ لے جانا نہ بھولیں۔

