رائیونڈ سے اغوا ہونیوالی ڈیڑھ سالہ بچی کی لاش برآمد
لاہور،رائے ونڈ( نمائندہ خصوصی ) رائیونڈ کے علاقے میں دو روز قبل اغوا ہونے والی ڈیڑھ سالہ بچی کی لاش نالے سے برآمد ، لواحقین کا ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر لاش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ، پولیس اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیڑھ سالہ ایمان فاطمہ گزشتہ دنوں گھر کے باہر سے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی تھی ۔ کوٹ رادھا کشن روڈ پر نالے سے اسکی تشدد زدہ لاش دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کو اطلاع دی ۔اطلاع ملنے پر پولیس اور ورثا دونوں موقع پر پہنچ گئے پولیس نے لاش کو نالے سے نکال کر مردہ خانے منتقل کردیا ۔ ایمان کی ہلاکت سے اہلخانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی کم سن مقتولہ کی ہلاکت پر ماں کو غشی کے دورے پڑنے لگے ۔ ورثا نے رائیونڈ روڈ پر ٹائر نذر آتش کئے اور پولیس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔مظاہرین نے ایمان فاطمہ کو اغوا کے بعد قتل کرنے والے ملزموں کے گرفتار نہ ہونے پر پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس بروقت کارروائی کرتی تو ملزموں کو گرفتار کیا جا سکتا تھابعد ازاں پولیس افسروں کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔

