چیمپینز ٹرافی کی فاتح ٹیم آج وزیر اعظم سے ملاقات کریگی
چیمپینز ٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم آج وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کرے گی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جیتنے والی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں آج وزیر اعظم آفس میں خصوصی تقریب منعقد ہو گی۔وزیر اعظم نواز شریف چیمپینز ٹرافی کی فاتح ٹیم سے ملاقات کریں گے اور انہیں تاریخی فتح پر مبارکباد دیں گے۔وزیر اعظم کھلاڑیوں میں اعلان کردہ انعامی رقوم بھی تقسیم کریں گے۔ادھر قومی کرکٹ ٹیم کو انعامی رقم دینے کا وزیراعظم کا اعلان اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، عدالت نے رقم دینے سے متعلق ڈپٹی اٹارنی جنرل سے کل تک قانونی معاونت طلب کر لی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے شہداء فاؤنڈیشن کی درخواست کی سماعت کی، عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے وزیراعظم کس قانون کے تحت رقم کھلاڑیوں کو دے سکتے ہیں اور کتنی رقم دے سکتے ہیں۔انعامی رقم دینے کے اعلان کے خلاف درخواست میں کہا گیا ہے کہ 22 کروڑ کی خطیر رقم ٹیکس کے پیسے سے کیوں بانٹی جارہی ہے، کھلاڑی کی مراعات 22 گریڈ کے افسر جتنی ہوتی ہیں، کھلاڑی تنخواہ اور دیگر میچ فیس بھی لیتے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت معاملے پر حکم امتناع جاری کرے اور وزیراعظم کو ٹیکس کا پیسہ بانٹنے سے روکے، کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔