مملکت میں غیر ملکیوں کو شادی کے لیے وزارت عدل سے سہولت
سعودی عرب میں لاکھوں غیر ملکی افراد برسوں سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں۔ ان تارکین کو شادی کے لیے مقررہ قواعد اور شرائط پر عمل کرنا لازمی ہے۔ خانگی امور کے ماہر قانون اور مشیر احمد المحیمید کا کہنا ہے کہ سعودی وزارت عدل نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو اپنے ہم وطنوں سے شادی کے لیے سہولت فراہم کی ہے۔ اس سہولت میں شرعی تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا ہے، جن میں ولی الامر کا موجودہ ہونا بنیادی شرط ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ماہر قانون المحیمید نے الاخباریہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “سعودی قانون میں سعودی مرد سے غیر ملکی خاتون یا سعودی خاتون سے غیر ملکی مرد کی شادی کے لیے بعض شرائط مقرر کی گئی ہیں۔” “غیر ملکی کا سعودی سے نکاح سے قبل ریجن کی گورنریٹ سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہے”۔
سفارتخانے کے کردار پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ “غیر ملکی مرد یا خاتون کی سعودی مرد یا خاتون سے شادی کے لیے سفارتخانوں کا کوئی عمل دخل نہیں تاہم ریجن کی گورنریٹ سے شادی کے لیے این اوسی حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔”