گیل بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں شامل
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے بھارت کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔کرس گیل اور کرکٹ بورڈ کے درمیان مالی معاملات پر تنازع چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے گیل قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر رہے تاہم سلیکٹرز نے ایک مرتبہ پھر کرس گیل پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں بھارت کے خلاف 9 جولائی کو کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے طلب کرلیا ہے۔بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کنگسٹن کے سبینا پارک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لئے لینڈل سیمنز کی جگہ ٹیم میں کرس گیل کو شامل کیا گیا ہے۔کرس گیل نے آخری مرتبہ انگلینڈ کے خلاف 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد سے وہ ٹیم سے باہر ہیں۔ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں کرس گیل ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جنہوں نے 2 سنچریوں کی بدولت 35.32 کی اوسط سے 1519 رنز بنائے جب کہ ان کا اسٹرائک ریٹ 145.49 ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ کے چیئرمین سلیکٹرز کارٹنی براؤن کا کہنا ہے کہ کرس گیل کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل ہونے پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی شمولیت سے ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔بھارت کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی کے لئے ویسٹ انڈیز کا 13 رکنی اسکواڈ کپتان کارلوس بریتھ ویٹ، سیمول بدری، کرس گیل، رونس فورڈ بیٹن، ایون لیوس، جیسن محمد، سنیل نارائن، کیرون پولارڈ، رومین پاویل، مارلن سیموئلز، جیروم ٹیلر، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیم پر مشتمل ہے۔