شہریار خان کا سرفراز کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کی بھی قیادت سونپنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم ہاؤس میں چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اعلان کیا کہ مصباح الحق کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سرفراز احمد قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران زبردست قیادت کی اور وہ میچور ہورہے ہیں۔شہریار خان نے بھارت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہم سے ڈرتا ہے اور کرکٹ نہیں کھیلتا، وہ آئیں اور کرکٹ کھیلیں۔چیئرمین پی سی بی نے امید دلائی کہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل ٹیمیں آئیں گی اور اس سلسلے میں سری لنکا اور بنگلادیش سے بات کر رہے ہیں۔شہریار خان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں متحد ہوکر کھیلنے سے کامیابی نصیب ہوئی جب کہ ایونٹ میں فتح کے بعد دنیا کی ٹیمیں ہم سے کھیلنا چاہتی ہیں اور کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی سے پوری قوم خوش ہے۔