بھارتی سنگھ اور شوہر منشیات لینے پر گرفتار، اعتراف کرلیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے بعد بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال کے معاملے میں ایک اور چہرے سے بھی نقاب اتر گیا ہے۔مزاحیہ اداکارہ بھارتی سنگھ کے گھر پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے چھاپہ مارا اور ان کے گھر سے منشیات برآمد کی جس کے بعد اُن سے پوچھ گچھ کی گئی، جس میں انہوں نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کرلیا ہے۔بھارتی اداکارہ اور اُن کے شوہر کو پولیس گرفتار کرلیا ہے،انہیں اتوار کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا،وہ آج کی رات حوالات میں ہی گزاریں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح کے این سی بی چھاپے میں گھر سے منشیات کی برآمدگی کے بعد مزاحیہ اداکارہ اور اُن کے شوہر ہریش لمبا چھایا کو اپنے ہمراہ لے گئی تھی۔میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ بھارتی سنگھ کے گھر سے تھوڑی سی مقدار میں’ بھنگ‘ برآمد ہوئی ہے، لیکن کتنی ؟اس حوالے سے میڈیا خاموش ہے۔بھارتی میڈیا نے مزاحیہ اداکارہ کے ممبئی کے علاقے اندھیری کے اپارٹمنٹ کی ویڈیو بھی دکھائی ،جس کے بعد این سی بی انہیں لال مرسیڈیز میں اور ان کے شوہر کو سفید گاڑی میں لے گئی ،پولیس اسٹیشن پہنچنے پر بھارتی سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہاکہ ’انہوں نے ہمیں صرف چند سوالات پوچھنے کے لیے بلایا ہے‘۔بھارتی سنگھ کے اس بیان کے بعد تفتیشی افسر سمیر وانکھیڈے نے میڈیا سے گفتگو کی اور بتایا کہ مزاحیہ اداکارہ اور ان کے شوہر کو گھر میں منشیات رکھنے کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا جس نے بھارتی سنگھ کے گھر کے ساتھ اس معاملے میں مزید 2 مقامات پر چھاپے کی تصدیق کی ہے ،سے این سی بی کے ایک اور افسر نے گفتگو کی اور بتایا کہ فلم انڈسٹری میں منشیات فراہم کرنے والوں سے تفتیش میں ’بھارتی سنگھ ‘کا نام نکل کر آیا اور ان کے گھر سے منشیات برآمد بھی ہوئی ہے۔بھارتی سنگھ کے گھر پر چھاپہ ،سوشانت سنگھ کی موت کے بعد فلم انڈسٹری میں منشیات کے استعمال سے متعلق پھیلی ہوئی تحقیقات کا حصہ ہے، اسی معاملے پر رواں ماہ کے آغاز میں ارجن رامپال کے گھر کی تلاشی لی گئی ،انہیں اور ان کی گرل فرینڈ سے پوچھ گچھ بھی ہوئی۔اس سے قبل این سی بی نے فلم پروڈیوسر فیروز ناڈیاوالا کو بھی طلب کیا تھا جبکہ اس سے ایک دن قبل ان کی اہلیہ شبانہ سعید کے گھر سے 10 گرام چرس بر آمد ہونے پر گرفتار کرچکے تھے جو بعد ازاں ضمانت پر رہا ہوئیں۔این سی بی گزشتہ چند ماہ کے دوران بالی ووڈ کی بڑی شخصیات جیسے اداکارہ دیپکا پڈوکون، سارہ علی خان، شردھا کپور، رکول پریت سنگھ سے پوچھ گچھ کرچکی ہے،اس پورے عمل کو تحقیقاتی ادارہ پہلے ہی مشہور شخصیات کو منشیات کی فراہمی کا نیٹ ورک کھولنے کی کوشش قرار دے چکا ہے۔سوشانت سنگھ کی موت کے بعد اُن کی مبینہ گرل فرینڈ ریا چکروتی کے فون سے منشیات سے متعلق پیغامات ملنے پر تفتیش نے یہ رخ اختیار کیا،اس حوالے سے بھارتی اداکارہ ،اُس کے بھائی اور سوشانت سنگھ کے دو ملازمین کو گرفتار کیاگیا تھا، ریا چکروتی ایک ماہ جیل میں رہنے کے بعد گزشتہ ماہ ہی ضمانت پر رہا ہوئی ہیں۔منشیات کے استعمال سے متعلق تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ ہی فلم انڈسٹری تقسیم ہوگئی ہے،ایک حصے نے ڈرگز کے استعمال کے خاتمے کا مطالبہ کیا ۔