فلسطین اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے پر آمادہ
معاہدوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے بعد فلسطین اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے پر آمادہ ہوگیا۔فلسطین کے شہری امور کے سربراہ حسین الشیخ کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات پہلے کی طرح بحال کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ماضی کے تمام معاہدوں کی پاسداری کرنے کی تحریری یقین دہانی کرادی ہے۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے فلسطین کے لئے خصوصی نمائندے نے یورپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کی سطح کو نیچے لائے۔یہ مطالبہ 1967 میں اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال جاننے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ مشل لینک نے یورپین پارلیمنٹ کی سب کمیٹی برائے انسانی حقوق میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔اقوام متحدہ کے فلسطین کے لئے خصوصی نمائندے نے مزید کہا کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر سے اپنا قبضہ اس وقت تک ختم نہیں کرے گا جب تک کہ اس پر بین الاقوامی دباؤ نہ ڈالا جائے۔