ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور ہالی ووڈ فلم ’اسٹار وارز دی رائز آف اسکائی واکر‘ مسلسل دوسرے ہفتےبھی امریکی باکس آفس پر پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی، فلم نے اس ہفتے مزید 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہالی ووڈ فلم کا گراف مزید اوپر جارہا ہے اور فلم کے ایڈونچر سے بھرے مناظر مداحوں کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ بار بار اس تخلیق کا نظارہ کرنے کے لیے سنیما گھروں کا رخ کریں۔گزشتہ ہفتے فلم نے امریکن باکس آفس پر 3 دن میں 27 ارب 18 کروڑ روپے سے زائد کا شاندار بزنس کیا تھا، جو دسمبر کے مہینے میں کسی فلم کا تیسرا سب سے زیادہ بزنس ہے۔گزشتہ ہفتے بھی دی راک کی فلم ’جمانجی دا نیکسٹ لیول‘ دوسرے پر براجمان تھی اور رواں ہفتے بھی دا نیکسٹ لیول دوسری پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی۔
لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس، جسٹس مامون الرشید شیخ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا۔نئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔گورنر ہاؤس لاہور میں لاہور ہائی کورٹ کے 49 ویں چیف جسٹس کی حلف برداری کی سادہ مگر پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریبِ حلف برداری میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات، ججز صاحبان اور سینئر وکلاء نے شرکت کی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس مامون الرشید شیخ سے لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کا حلف لیا۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جسٹس مامون الرشید شیخ کو مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔نئے چیف جسٹس بعد میں لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو عدالتی عملے نے ان کا استقبال کیا، ہائی کورٹ کی سیکیورٹی پر مامور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔
پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نےتمام پاکستانیوں کو نئےسال کی مبارکباد دی ہے اور کہاہےکہ اللّٰہ کے فضل سے پاکستان وزیرِ اعظم عمران خان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اداروں کی جانب سے صحافیوں کا استحصال روکنے کی پالیسی تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اوّلین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے، بزدار حکومت نے پنجاب میں اب تک ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔فیاض چوہان نے مزید کہا کہ صوبے میں سرکاری اراضی سے متعلق 13 سے زائد پالیسیاں تیار کی جا چکی ہیں، بطور وزیرِ اطلاعات پہلی بار کلچر اور ایڈورٹائزمنٹ پالیسی قائم کی ہے۔وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ مالی طور پر کمزور فنکاروں کے لیے ہیلتھ انشورنس کارڈز متعارف کرایا، میڈیا سے مل کر عوام میں شعور و آگہی پھیلائیں گے اور مسائل کے حل کی کوشش کریں گے۔
پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے ڈوئل سیٹ (dual seat) والے JF-17 تھنڈر طیارے تیار کرنے کا ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔اس سلسلے میں ائیر کرافٹ مینوفیکچرنگ فیکٹری، کامرہ میں آٹھ ڈوئل سیٹ (dual seat) JF-17 تھنڈر طیاروں کی پر وقار تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤژنگ اور ایوی ایشن انڈسٹریز آف چائنہ (AVIC)کے نائب صد ر مسٹر یاؤ زاؤپنگ نے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ائیر مارشل احمر شہزاد، چیئرمین پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس، کامرہ نے اپنے خطاب میں اس پراجیکٹ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر روشنی ڈالی۔پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس، کامرہ اور چائنہ نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن (CATIC) نے چینی کمرشل طیاروں کے لئے پرزہ جات کی تیاری کے معاہدے پر دستخط کئے۔ پاک چین برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ JF-17 تھنڈر پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ایک لازوال مثال ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے پی اے سی، کامرہ اور CATIC کو 2019 کے پیداواری اہداف کو حاصل کرنے اور پہلے آٹھ ڈوئل سیٹ (dual seat) JF-17 تھنڈر طیاروں کی پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم سنگِ میل JF-17 پروگرام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ائیر چیف نے کہا کہ JF-17 تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ میں کلیدی کردار کا حامل ہے اور آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں اسکی جنگی صلاحیت اسکی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے ایویانکس پروڈکشن فیکٹری، کامرہ میں ڈوئل سیٹ (dual seat) JF-17 تھنڈر طیاروں کی انٹیگریشن فیسلٹی کا افتتاح کیا۔ یہ سہولت پاک فضائیہ میں شاملJF-17 تھنڈر کو اپنی مرضی کے ایویانکس اور ہتھیاروں سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ خود انحصاری اور آپریشنل تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔
لاہور ہائی کورٹ آفس نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ہے۔پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے سزائے موت کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔لاہور ہائی کورٹ آفس نے پرویز مشرف کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کی اور کہا کہ عدالتی تعطیلات ہیں، سماعت کے لیے بنچ موجود نہیں۔پرویز مشرف کی سزائے موت کیخلاف درخواست عدالتی تعطیلات کے بعد دائر کی جائے۔اس سے قبل پرویز مشرف نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی اپنی درخواست میں خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے اور سزائے موت کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے میں بےضابطگیاں اور تضادات ہیں، سزائے موت کا فیصلہ عجلت میں سنایا گیا۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو دفاع کا موقع ہی نہیں ملا، سابق صدر کا بیانِ صفائی ریکارڈ ہوا اور نہ ہی انہیں شہادتیں فراہم کرنے کا موقع دیا گیا۔یاد رہے کہ 17 دسمبر کو خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو سنگین غداری کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے آرٹیکل 6 کے تحت سزائے موت کا حکم دیا تھا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر حکومت کی جانب سے دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی گئی۔حکومت کی جانب سے دائر کی گئی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نظرثانی درخواست پر نمبر الاٹ کر دیاہے۔نظرثانی درخواست چیف جسٹس کی ہدایت پرسماعت کیلئے مقرر کی جائے گی
حکومتی دعوؤں کے باوجود صحرائے تھر میں غذائیت کی کمی و دیگر امراض کے سبب بچوں کی اموات پر قابو نہیں پایا جا سکا، 2109ء میں ضلع کے سرکاری اسپتالوں میں 820 بچے جاں بحق ہوئے۔صحرائے تھر کے سرکاری اسپتالوں میں 2019ء کے دوران 820 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔تھر کے سرکاری اسپتالوں میں جنوری میں 69 بچے جاں بحق ہوئے، فروری میں 61، مارچ میں 70، اپریل میں 76، مئی میں 73، جون میں66، جولائی میں 72، اگست میں 63، ستمبر میں 69، اکتوبر میں 84، نومبر میں61 اور دسمبر میں تاحال 57 بچے غذائیت کی کمی و دیگر امراض میں مبتلا ہونے کے سبب انتقال کر چکے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2015ء میں398، 2016ء میں 479، 2017ء میں 450 اور 2018 میں 634 بچے جاں بحق ہوئے تھے۔حکومت کی جانب سے صحت کی سہولتوں کے حوالے سے تھر کو ماڈل ضلع بنانے کے اعلانات کیے جاتے رہے ہیں مگر سرکاری اسپتالوں میں بچوں کی اموات میں دن بدن اضافہ حکومتی دعوؤں کی نفی ہے۔
امریکا میں دوران پرواز ڈیلٹا ائیرلائن کے طیارے میں 10 سالہ بچی کی پراسرار موت کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔طیارے کو طبی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر لاس اینجلس ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی،طیارے میں دوران پرواز ایک بچی کی موت واقع ہوگئی تھی۔ائیرپورٹ میں طبی عملے نے بچی کے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچی نے دوران پرواز ہی طیارے میں دم توڑ دیا تھا تاہم موت کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید بی بی کی برسی پر راولپنڈی میں کامیاب جلسے پر جیالوں کو مبارکباد دی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر کے مطابق بلاول نے جلسے کی سیکیورٹی اور تعاون کے لیے راولپنڈی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ترجمان کے مطابق پی پی چیئرمین نے سی پی او، ایس ایس پی آپریشن، ایس ایس پی ٹریفک کی فرائض کی انجام دہی کو سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ ان افسران نے جلسے کے دوران پورا دن اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کیں ۔مصطفی نواز کھوکھر نے بتایا کہ چیئرمین نے جلسے کی کامیابی کو راولپنڈی اور پنجاب سمیت ملک بھر کی تنظیموں اور جیالوں کی محنت کا ثمر قرار دیا ہے۔ترجمان کے مطابق پارٹی چیئرمین کے پنڈی ہم پھر آ رہے ہیں کے نعرے کو جیالوں نے عملی شکل دے دی اور یہ ثابت کر دیا کہ جبر، ظلم اور رکاوٹیں انہیں نہیں روک سکتیں۔مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے عزم دہرایا ہے کہ پنڈی سے جمہوریت کا جو علم اٹھایا ہے وہ شہر شہر گلی گلی جائے گا۔
پاک بحریہ نے شمالی بحرہ عرب اور مکران کوسٹ پر مختلف میزائلز فائر کرنے کے کامیاب مظاہرے کئے ہیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مختلف میزائلز کی فائرنگز کا مشاہدہ کیا۔پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز اور ہوائی جہاز نے سطح سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائلز فائر کئے ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پر مزائل فائر کئےجبکہ زیر سمندر روایتی آبدوز سے بھی زمین پر میزائل فائر کیے گئے۔علاوہ ازیں مکران کوسٹ سے ایئر ڈیفنس میزائلز بھی فائر کئے گئے۔فائر کئے گئے مختلف میزائلز نے اپنے اہداف کو انتہائی کامیابی سے نشانہ بنایا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مختلف میزائلز کی فائرنگ کے یہ کامیاب تجربات پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔