ڈوئل سیٹJF-17 طیارے کی پہلی کھیپ تیار، ائیر چیف نے افتتاح کیا
پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے ڈوئل سیٹ (dual seat) والے JF-17 تھنڈر طیارے تیار کرنے کا ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔اس سلسلے میں ائیر کرافٹ مینوفیکچرنگ فیکٹری، کامرہ میں آٹھ ڈوئل سیٹ (dual seat) JF-17 تھنڈر طیاروں کی پر وقار تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤژنگ اور ایوی ایشن انڈسٹریز آف چائنہ (AVIC)کے نائب صد ر مسٹر یاؤ زاؤپنگ نے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ائیر مارشل احمر شہزاد، چیئرمین پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس، کامرہ نے اپنے خطاب میں اس پراجیکٹ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر روشنی ڈالی۔پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس، کامرہ اور چائنہ نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن (CATIC) نے چینی کمرشل طیاروں کے لئے پرزہ جات کی تیاری کے معاہدے پر دستخط کئے۔ پاک چین برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ JF-17 تھنڈر پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ایک لازوال مثال ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے پی اے سی، کامرہ اور CATIC کو 2019 کے پیداواری اہداف کو حاصل کرنے اور پہلے آٹھ ڈوئل سیٹ (dual seat) JF-17 تھنڈر طیاروں کی پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم سنگِ میل JF-17 پروگرام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ائیر چیف نے کہا کہ JF-17 تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ میں کلیدی کردار کا حامل ہے اور آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں اسکی جنگی صلاحیت اسکی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے ایویانکس پروڈکشن فیکٹری، کامرہ میں ڈوئل سیٹ (dual seat) JF-17 تھنڈر طیاروں کی انٹیگریشن فیسلٹی کا افتتاح کیا۔ یہ سہولت پاک فضائیہ میں شاملJF-17 تھنڈر کو اپنی مرضی کے ایویانکس اور ہتھیاروں سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ خود انحصاری اور آپریشنل تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔



