نواز شریف کی استعفے فضل الرحمٰن کے پاس جمع کرانے کی تجویز
سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے پاس استعفیٰ جمع کرانےکی تجویز دے دی۔اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس جاری ہے، جس میں نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔اپوزیشن کی اہم ترین میٹنگ میں کورونا وائرس سے صحتیابی کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، ن لیگی نائب صدر مریم نواز، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔اجلاس میں نوازشریف نے لاہور جلسے سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمان کے استعفے مولانا فضل الرحمٰن کے پاس جمع کرانے کی تجویز پیش کی۔اس موقع پر تمام ہی اپوزیشن جماعتوں نے نوازشریف کی تجویز کی حمایت کی۔دوسری طرف لاہور اور سرگودھا سے مسلم لیگ (ن) کے 5 ارکان قومی اسمبلی نے ایڈوانس میں استعفے پارتی قیادت کو بھجوادیے ہیں۔اس معاملے پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کہہ چکی ہیں کہ عمران خان کی حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، لاہور میں جلسہ بھی ہوگا اور حکومت گھر بھی جائے گی۔