لاہور ہائیکورٹ: فیصل آباد میں قتل کے مقدمہ میں سزا پانے والے 4 قیدی 10 سال بعد بری
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے فیصل آباد کے علاقہ میں قتل کے مقدمے میں سزا پانے والے چار قیدی دس سال بعد بری کردئیے۔ جسٹس شہرام سرور چودھری اورجسٹس صداقت علی خان نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے بریت کی اپیلیں منظور کرلیں۔ عدالت نے سزائے موت کے دو قیدیوں گل شیر اور محمد فاروق جبکہ دو عمر قید کے قیدیوں عثمان علی اور محمد بلال کو بری کیا ہے۔وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ملت ٹائون فیصل آباد میں 4 دسمبر 2010 کو محمد علی کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج ہوا تھا،گواہوں کی موقعہ پر موجودگی ثابت نہیں ہوئی۔دونوں گواہوں کے بیانات میں واضح تضاد موجودہے، مجرمان پر قتل کرنے کا جرم ثابت نہیں ہوتا ہے، سرکاری وکیل نے مجرمان کی بریت اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گواہوں کے بیانات اور میڈیکل کی رپورٹ کے مطابق مجرمان قصوروار ہیں ۔