جاپان سےآئےتجارتی وفود کو سہولیات کیلئےکمیٹی قائم
عرفان صدیقی … پاک جاپان بزنس کونسل سندھ کے ڈائریکٹر اشفاق احمد نے جاپان سے آنے والے کاروباری و تجارتی وفود کو پاکستان میں سہولیات کی فراہمی کے لیے محمد عمر قریشی کی سربراہی میں کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کردی۔اشفاق احمد کے مطابق قائم کی جانیوالی کمیٹی کی ذمہ داریوں میں جاپان سے آنے والے تجارتی و کاروباری وفود کو کراچی میں سفری و رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ سندھ کے اہم کاروباری و تجارتی وفود کے ساتھ ملاقاتوں کے اہتمام سے لیکر پاکستان اور جاپان کے درمیان کاروبار اور تجارت کے فروغ کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل کے چیئرمین محمد حسین اینوکی اور صدر رانا عابد حسین کی پالیسی کے مطابق کردار ادا کرنا ہے ۔اس موقع پر کوآرڈ ی نیشن کمیٹی کے سربراہ محمد عمر قریشی نے کہا کہ ہمارا مقصد جاپان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور کاروبار کو فروغ دینا ہے لہٰذا جاپان سے آنے والے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی سے ان کا فوکس صرف ان کے کاروبار تک محدود رکھ کر ہم پاکستان کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرسکتے ہیں اور یہی ہماری تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل کا نسب العین ہے ۔پاک جاپان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر سندھ اشفاق احمد نے کہاکہ ہماری فعال کارکردگی سے عنقریب پاکستان اور جاپان کی تجارت میں واضح اضافہ دیکھا جائے گا کیونکہ ہماری تنظیم لفظوں میں کارکردگی دکھانے سے زیادہ کام کرکے دکھانے پر یقین رکھتی ہے ۔