اسمبلی اجلاس میں سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے: فواد چوہدری
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس میں محض سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاسی تقاریر تو پریس کانفرنس کر کے بھی کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ممبران کو اکٹھا کیا ہے تو پہلے انہیں سائنٹسٹ اور وائرولوجی ماہرین سے بریفنگ دلوائیں کہ کورونا وائرس ہے کیا؟فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بریفنگ دلوائیں کہ کورونا وائرس پھیل کیوں رہا ہے، اس پر ریسرچ کس اسٹیج پر ہے، دنیا کب تک اس کا علاج دریافت کرسکتی ہے؟انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ بریفنگ دلوائیں کہ 5 پاکستانی یونیورسٹیز نے کورونا وائرس کی ساخت پر اسٹڈی کی ہے، ان کی ریسرچ کیا کہتی ہے؟وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے اجلاس کا کیا فائدہ کہ ایک اِدھر سے سیاسی تقریر کرتا ہے، دوسرا اُدھر سے نِشتر چلاتا ہے، اللّٰہ اللّٰہ خیر صلہ۔

