پنجاب: جزوی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا نوٹیفکیشن جاری
حکومت پنجاب نے صوبے میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کردیا ہے۔اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کھولے گئے کاروبار ایس او پیز کے ساتھ ہفتے میں 4 دن کام کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پیر تا جمعرات صبح 8 تا شام 5 بجے کاروبار کی اجازت ہوگی جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تمام کاروبار مکمل طور پر بند رہے گا۔صوبائی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ بھی عارضی ہے جبکہ 31 مئی سے قبل دوبارہ صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے لیے فیصلے ہوں گے۔صوبے بھر میں تمام فیکٹریوں اور انڈسٹریز کو ایس او پیز کے مطابق کام کی اجازت ہوگی جبکہ کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلقہ تمام شعبہ جات بھی کھول دیئے گئے ہیں۔حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق پی وی سی پائپ اور الیکٹرک کے سامان کی صنعت اور دکانیں بھی کھل جائیں گی۔صوبے میں شادی ہالز، شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔اسی طرح صوبے میں سیلونز، حجام کی دکانیں اور جمنازیم بھی ایس او پیز کے تحت کھولے جاسکیں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔

