مقبوضہ کشمیر، جموں کے تین اضلاع سمیت پوری وادی ریڈ زون قرار
سرینگر (نیوز ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکام نے کوروناوائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کی بنیاد پر پوری مقبوضہ وادی اور جموں کے تین اضلاع کو خطرناک علاقے قرار دیا ہے۔ ان علاقوں کو ریڈ زون قرار دینے کے احکامات چیف سیکرٹری بی وی آرسبھرامنیام نے جاری کئے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق دس اضلاع پر مشتمل پوری وادی کشمیر کو خطرناک علاقہ قرار دیا گیا ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 726 مثبت کیسزسامنے آئے ہیں جن میں سے 415 ایکٹوکیسزہیں۔ آٹھ کی موت واقع ہوئی ہے۔ اب 303 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔لداخ میں کیسزکی تعداد42ہے۔متاثر افراد کی تعداد میں روزانہ اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے پابندیاں مزید بڑھاتے ہوئے شام سات بجے سے صبح سات بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔