لاک ڈاؤن، فیصلہ آج، وزیراعظم نرمی کے حامی
وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی حمایت کردی مگر حتمی فیصلہ آج قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا ۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ لاک ڈان میں نرمی لانے کے حوالے سے تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد آج (بدھ) کو فیصلہ کیا جائے گا‘پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ باقی شعبوں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے ملک میں تیار شدہ ہینڈ سینی ٹائزر اور چاول کی برآمد، کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے حکومت پاکستان، اخوت پاکستان اور اخوت یو ایس اے کے مابین مفاہمت کی یاداشت کی منظوری دی ہےجبکہ وزیرِ اعظم نےکہا کہ کورونا کے حوالے سے حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔شرائط پر عمل نہ ہواتو کورونا زیادہ تیزی سے حملہ آورہوگا‘ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے بھارت سے 429 ضروری ادویات درآمد کرنے کی تجویز مسترد کردی‘وفاقی کابینہ نے دو ماہ تک بغیر وارنشنگ کے نوٹ چھاپنے کیلئے سمری موخر کردی ۔منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزراء، وزرائےِ مملکت، مشیران اور معاونین خصوصی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کوویڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ انتخابی اصلاحات کے لئے قائم کمیٹی کی جانب سے سفارشات وزارتِ قانون کو بھجوا دی گئی ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف انتخابی عمل کو مکمل طور پر غیر جانب دار اور شفاف بنانے پر یقین رکھتی ہے جس نظام اور عمل پر عوام کو مکمل اعتماد ہو‘ انتخابی عمل میں اصلاحات پی ٹی آئی ایجنڈے کا اہم جزو ہے لہذا یہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف ڈویژنز کی جانب سے اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق سات ڈویژن میں 76تعیناتیاں خلاف ضابطہ ہو ئیں۔کابینہ نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام وزارتوں سے معلومات اکٹھی کر کے کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں۔کابینہ کی ہدایات کے مطابق بھارت سے درآمد کی جانے والی ادویات کی تفصیلات کابینہ کے سامنے پیش کی گئیں۔ کابینہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت کی جانب سے بھارت سے تمام اشیاءکی درآمد پر پابندی عائد ہے تاہم زندگی بچانے والی ادویات کو اس پابندی سےمستثنیٰٰ قرار دیا گیا ہے۔ کابینہ کو کرمنل جسٹس سسٹم میں جاری اصلاحات کی پیش رفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کرمینل جسٹس سسٹم کے تمام پہلوؤں پر اصلاحاتی عمل کو ترجیحاتی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔وزیر اعظم نے وزیرِ قانون کو ہدایت کی کہ اس عمل کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔ کابینہ نے فوڈ اور نان فوڈ آئیٹمز پر مشتمل 61 اشیاءکو کمپلسری سرٹیفیکیشن مارک اسکیم میں شامل کرنے کی تجویز پر غور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس ضمن میں وزارت تجارت اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔کابینہ نے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ بیس کے افسر نوید اصغر چوہدری کو ممبر فنانس واپڈا تعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے ملک میں تیار شدہ ہینڈ سینی ٹائزر کی برآمد کی منظوری دی تاہم یہ منظوری ان برآمدکندگان کو دی جائے گی جن کے پاس ہینڈ سینی ٹائزر اضافی مقدار میں موجود ہیں۔اس حوالے سے ہر کیس کا انفرادی جائزہ لینے کے بعد اجازت نامے کا اجرا وزارتِ تجارت کی جانب سے کیا جائے گا۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ہینڈ سینی ٹائزر کو ڈریپ کی فہرست سے نکال دیا جائے گا اور ہینڈ سینی ٹائزر کی تیاری کے معاملات پاکستان اسٹینڈرز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے تحت ریگولیٹ کیے جائیں گے۔وزیرِ اعظم نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے حوالے سے حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جن کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے ان میں حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔