مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی کارروائی، بھارتی کرنل اور میجر سمیت 6 فوجی ہلاک، 3 حریت پسند شہید
مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی ایک کارروائی میں بھارتی کرنل اور میجر سمیت6فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ تین حریت پسندبھی اس کارروائی میں شہید ہوئے ہیں۔مجاہدین سے جھڑپ میں ہلاک اہلکاروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں،بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ وادی کے کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں آخری اطلاعات تک جاری رہیں۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑا میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی، اس دوران مجاہدین کے حملے میں بھارتی فوج کے دو سینئر افسر اور ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت 6اہلکار ہلاک ہوگئے۔اتوار کو ہونے والی اس جھڑپ میں تین مجاہدین نے بھی جام شہادت نوش کیا،فوجی حکام کاکہنا ہے کہ ابتدائی طور پر بھارتی کرنل آشوتوش شرما،ایک میجر انوپ سود اور 21راشٹریہ رائفلکے دو بھارتی فوجی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں اسپیشل آپریشن گروپ کے پولیس سب انسپکٹر محمد صغیر قاضی ہلاک ہوگئے۔ان اہلکاروں کا ڈیوٹی کے دوران اپنے ساتھیوں سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا،اس کے بعد علاقے میں لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کیلئے فورسز کی بھاری نفری طلب کی گئی تاکہ مجاہدین کیخلاف کارروائی ہوسکے،تاہم بھارتی اہلکاروں کو ان پانچوں فوجیوں کی لاشیں مل گئیں۔بھارتی فوجی حکام نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس کارروائی میں دومجاہدین کی لاشیں بھی ملی ہیں،اس کے علاوہ ایک اہلکار شنبے منگیش زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں زیر علاج ہے۔مقبوضہ وادی میں 5 اپریل کے بعد سے ہلاک ہونےوالے بھارتی فوجیوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ دریں اثناذرائع کے مطابق شہید ہونے والے مجاہدین ابو منہاس اور رشید خان جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں۔بھارتی فوج نے اس سے قبل علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیااور،شمالی کشمیرکے ہندواڑہ علاقے میں وسیع جنگلات کو قابض فوج نے اپنے محاصرے میں لے مجاہدین کی تلاش شروع کردی۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق جنوبی کشمیرکے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب فورسز نے ڈانگر پورہ گاوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا اور مجاہدین نے فوج پر جوابی گولیاں چلائیں۔مقامی میڈیا(سائوتھ ایشین وائر )کے مطابق بھارتی فوج کو شبہ ہے کہ علاقے میں ایک سرکرہ کمانڈر سمیت تین مجاہدین پناہ لئے ہوئے ہیں،علاقہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی اور تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا۔
بلوچستان ، مستونگ جیل سے 2 قیدی فرار