کورونا، بیروزگاروں کیلئے نیا پیکیج، کام چھوٹ جانے کا ثبوت دینے پر 12 ہزار روپے ملیں گے
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم افراد کے لیے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا۔وزیراعظم نے بے روز گارغریب افراد کو وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ سے مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے احساس پروگرام کی ویب سائٹ پر ایپلی کیشن پورٹل کا افتتاح کردیا گیا، اس ویب پورٹل پر ملازمت سے محروم افراد کو کام چھوٹ جانے کا ثبوت دینے پر 12ہزار ملیں گے،بیروزگارافرادصرف اتنابتائیں گے کہ وہ کہاں کام کرتےتھے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاک ڈاون سے معیشت پر منفی اثرات پڑے، تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، صوبائی حکومتیں ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرکے مہنگائی میں کمی کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کورونا کب تک چلے گا ، 6ماہ سے ایک سال تک یہی صورتحال رہیگی، نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا وہاں بھی صنعتیں کھولی جارہی ہیں، جتنی زیادہ صنعتیں کھلیں گی اتنا روزگار ملے گا، تعمیراتی صنعت کو پوری طرح کھول اور انہیں مراعات دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک 3 ہفتوں میں اب تک 68 لاکھ خاندانوں میں 81 ارب سے زائد تقسیم ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ لوگ ڈسپلن کا مظاہرہ کرکے کورونا وائرس سے بچیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم آج ملازمت سے محروم ہونے والے افراد کے لیے ویب سائٹ کا آغاز کررہے ہیں جہاں وہ اندراج کرکے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے بیروزگار افراد کی مشکلات سے آگاہ ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو پیغام دیا کہ تیل کی قیمتیں بڑھنے پر بلا تاخیرمہنگائی کی جاتی رہی ہے اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ثمر عام افراد تک پہنچایا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیاءکی قیمتوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوری کے خلاف ایکشن کیا جائے اور ہر صورت قیمتیں کم کروائیں بصورت دیگر ایکشن لیں۔وزیراعظم عمران خان نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا لیکن وہاں بھی صنعتیں کھولی جارہی ہیں جتنی زیادہ صنعتیں کھلیں گی اتنا زیادہ روزگار ملے گا۔انہوں نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں خود کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کررہا ہوں اور اس کے تحت پیسے شفاف طریقے سے تقسیم کیے جائیں گے، اس کا آڈٹ ہوگا اور عوام کے سامنے رقم کی تفصیل بھی سامنے لائی جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ اس فنڈ میں دیئے جانے والے عطیات میں 4 گنا عطیات حکومت خود شامل کرے گی تاکہ ان فنڈز کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جاسکے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم تعمیراتی صنعت کو پوری طرح کھول رہے ہیں اور انہیں مراعات بھی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت برصغیر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے اور اب تک ایک ماہ میں پیٹرول پر 30 روپے اور ڈیزل پر 42 روپے کم کیے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کسان سمیت عوام کوفائدہ پہنچاناہے۔وزیراعظم کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کا طریقہ کار بیان کیا۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ پروگرام ان افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جو کورونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں اور وہ حکومت کے پورٹل پر رجسٹر ہوسکتے ہیں۔

