’ن لیگ نے حکومت کی حمایت پراپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا‘ بلاول
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شکوے کا اظہار کیا ہے کہ ن لیگ نے حکومت کی آرمی ایکٹ ترمیم کیحمایت پراپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا ۔پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بل پر حکومتی موقف بہت کنفیوزڈ رہا ہے ، یہ بل لانے سے پہلے حکومت نے عدالت میں ری ویو بھی فائل کیا ہے ، بل اچانک اور اس طریقے سے لایا گيا ہے کہ پارلیمانی اقدار کو نہیں اپنایا گيا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزيشن کو شامل کرتی تو اب تک سارا عمل مکمل ہوچکا ہوتا ۔اس میں حکومت کا ہی فائدہ ہے کہ بل پارلیمانی طریقے سے پاس ہو ، ن لیگ نے غیر مشرط سپورٹ دینے کے فیصلے سے اپوزیشن کو آن بورڈ نہیں لیا۔بلاولبھٹونے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی پارلیمانی طریقہ کار کوایک طرف رکھنا چاہتے ہیں ،اس طریقہ کار سے ہمارے ادارے فوج کے ادارے کو نقصان ہو گا ،ہم وہی غلطیاں پھر سے دہرا رہے ہیں جو نوٹی فیکشن کے وقت ہوا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اورقائد حزب اختلاف ہماری حمایت چاہتے ہیں توپارلیمانی طریقہ کار پر کام کریں،اس بل کو دفاع کمیٹی کے سپرد کریں،امید کرتا ہوں کہ حکومت ہماری بات مانے گی ،بہتر ہو گا کہ بل اتفاق رائے سے منظور ہو۔

