گری راج کالج اردو میڈیم طالبہ ثنا نورین کو یونیورسٹی ٹاپر لیپ ٹاپ انعام
نظام آباد (نمائندہ خصوصی) گری راج کالج نظام آباد کی بی اے اردو میڈیم کی طالبہ ثنا نورین ولد محمد حنیف صاحب مرحوم کو تلنگانہ یونیورسٹی علاقے کے سبھی ڈگری کالجوں میں بی اے میں سرفہرست نشانات کے حصول پر کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن تلنگانہ کی جانب سے جے این ٹی یو مانصاحب ٹینک حیدر آباد میںمنعقدہ ایوارڈ تقریب یواترنگم 2017 میں لیاپ ٹاپ انعام دیا گیا۔ضلع نظام آبا د سے وہ واحد طالبہ ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ ثنا نورین کو ڈگری کے دوران اردو اور پولیٹیکل مضمون میں بھی سرفہرست نشانات کے حصول پر خصوصی مومنٹو اور توصیف نامہ پیش کیا گیا۔ وہ اب پولیٹیکل سائنس سے ایم اے کر رہی ہیں وہ کالج کی ہونہار طالبہ رہی ہیں۔ گری راج کالج میں منعقدہ ایک تقریب میں کالج کے پرنسپل مسٹر رام موہن ریڈی اور شعبہ پولیٹیکل سائنس کی جانب سے انعام یافتہ طالبہ کی شال پوشی کی گئی اور تہنیت پیش کی گئی۔اس موقع پر صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی’ صدر شعبہ پولیٹیکل سائنس راکیش چندرا’صدر شعبہ اکنامکس وینو پرساد’محمد عابد علی لیکچرر کامرس و اکیڈیمک کو آرڈینیٹر’ اردو میڈیم کے لیکچررز مبین الدین ‘سید حسیب الرحمٰن’ ناظمہ تبسم’ ادیبہ بیگم’ تبسم بیگم’سنیل کمار’ جناب مجید صاحب اسسٹنٹ پروفیسر کامرس’ شعبہ اکنامکس کے لیکچررز نے مبارک باد پیش کی اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پرنسپل کالج مسٹر رام موہن ریڈی ‘ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی’محمد عابد علی اور راکیش چندرا نے کہا کہ ثنا نورین نے اپنے بہتر تعلیمی مظاہرے سے نہ صرف کا لج اور اساتذہ کا نام روشن کیا بلکہ دیگر طلبا کے لئے مثال پیش کی ہے۔اس موقع پر ثنا نورین نے گری راج کالج کے سبھی اساتذہ اپنے بھائی محمد اعظم علی نانا حاجی محمد خیرات علی اور سبھی افراد خاندان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے تعلیمی سفر میں ان کی رہبری کی۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کا بھی شکریہ ادا کیا جو لڑکیوں کو عصری تعلیم کے لئے رہبری کر رہی ہے۔