ن لیگ، پی پی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات شروع
الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔الیکشن کمیشن اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے حزب اختلاف کی دونوں جماعتوں کے نمائندوں کو 26 نومبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصا ف کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کی درخواست پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پیشی کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اپنی درخواست میں اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں پر امریکا اور برطانیہ سے غیر قانونی فنڈنگ لینے کا الزام لگایا ہے۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے پی پی پی اور ن لیگ کے نمائندوں کو طلب کیا ہے، جنہیں اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے الگ الگ وقت میں پیش ہونا ہے۔دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی، جس میں 5 برس سے زیر التوا پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا جلد فیصلے کرنے کا مطالبہ کیا۔