میاں رضا ربانی کا فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات
پیرس (نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے ذریعے فرانس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ان خیالات کا اظہار چیئر مین سینٹ نے فرانس کے سینیٹر جناب پاسکل آلیزارڈ جو کہ پاکستان فرانس دوستی گروپ کے صدر اور محترمہ فرانکوئز کارٹران نائب صدر سینٹ کے درمیان سفارت خانہ پاکستان پیرس میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر محمدمحسن رضا، سیکرٹری سینٹ جناب امجد پرویز ملک اور سفیر پاکستان جناب معین الحق بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے پارلیمانی رابطوں میں تیزی لانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سینیٹر آلیزارڈ اور سینیٹر کارٹران جنہوں نے گذشتہ سال اپریل میں فرانسیسی سینٹ کے وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیاتھا انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی، ہمدردی اور غم کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور فرانس کے پارلیمانی رابطوں میں تیزی لا کر باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔اس ملاقات کا انعقاد چیئر مین سینٹ کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی کیوبا کے سرکاری دورے سے واپسی پر پیرس میں مختصر قیام کے دواران کیا گیا۔