فضل الرحمٰن کا آزادی مارچ ختم، ملک گیر دھرنوں کا اعلان
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت کے خلاف نئے محاذ کا اعلان کردیا۔اسلام آباد کے پشاور موڑ پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کادھرنا ختم کرنے اور حکومت مخالف احتجاج ملک گیر سطح پر پھیلانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ دو ہفتوں سے قومی سطح کا اجتماع تسلسل سے ہوا، ہم نے گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دینا ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ پلان بی کے تحت ہمارے جاں نثار اور عام شہری سڑکوں پر نکل آئے ہیں جبکہ ہماری قوت یہاں جمع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج ہی ہم یہاں سے روانہ ہوں گے اور سڑکیں بلاک کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔جے یو آئی ف کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ نااہل حکمرانوں سے جان چھڑانا ہی ہمارا مقصد ہے، وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینا ہی پڑے گا، اس سے کم پر ہم نہیں مانیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسے جملے کہے جارہے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ ہماری حوصلہ شکنی ہو، آپ ان کو بتادیں نہ ہم تمہارے سہارا لے کر آئے ہیں، ہم اللّٰہ پر بھروسہ کرکے یہاں آئے ہیں۔