مولانا استعفے سے وظیفے پر آگئے ، فیاض چوہان
پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن حکومت توڑ کر نئے انتخابات کے مطالبات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، وہ استعفے سے وظیفے پر آگئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن فیس سیونگ چاہتے ہیں، مذاکرات سو فیصد کامیاب ہوں گے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میرے پاس مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق بہت حقائق موجود ہیں، اگر یہ حقائق سامنے آئے تو عوام اور میڈیا اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جب جنگ ہوتی ہے تومحاذ تو گرم ہوتا ہے، لیکن بیک ڈور مذاکرات بھی جاری رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب کنٹینر پر کھڑے ہو کر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے خلاف بات ہوگی تو جواب دینا تو بنتا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اینٹ ماریں گے تو انہیں پتھر سے جواب ملے گا۔