کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کل طلب
اسلام آباد ہائی کورٹ میں آزادی مارچ کے پیشِ نظر کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے نجی کاروباری کمپنی کی درخواست پر سماعت کی۔عدالتِ عالیہ نے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے حوالے سے اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو کل صبح 10 بجے طلب کر لیا۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کراچی پورٹ سے سامان لاتے ہوئے سندھ، پنجاب اور اسلام آباد کے پولیس اہلکار تنگ کرتے ہیں۔درخواست گزار کا اپنی درخواست میں یہ بھی کہنا ہے کہ کنٹینرز کو غیر قانونی طور پر روکنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں کراچی سے نکالے گئے آزادی مارچ کے اسلام آباد میں داخل ہونے کے پیش نظر دارالحکومت کی انتظامیہ نے سیکڑوں کی تعداد میں کنٹینرز پکڑ کر مختلف علاقوں میں پہنچا دیئے ہیں اور شہر کنٹینر سٹی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ادھر جمعیت علمائے اسلام ف کا کراچی سے نکالا گیا آزادی مارچ گزشتہ روز لاہور پہنچ گیا، جس کے شرکاء نے مینار پاکستان کے سائے تلے گریٹر اقبال پارک کے سبزہ زار میں رات گزاری اور صبح بریانی، نان، چنے اور چائے کا ناشتہ کیا۔جے یو آئی ف کا آزادی مارچ شہرِ اقتدار اسلام آباد پر دستک دینے کو تیار ہے، جس کے قافلے اب سے کچھ دیر بعد راول پنڈی روانہ ہوں گے۔