کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پیرس میں احتجاجی مظاہرہ
کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے فرانس کے درالحکومت پیرس کے اہم مقام ایفل ٹاور کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
آزاد جموں کشمیر فورم کے صدر مرزا آصف جرال، چیئرمین نعیم چوہدری کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے کیے گئے مظاہرے میں بچوں نے خصوصی شرکت کی۔
مظاہرین سردی کے باوجود گھنٹوں بھارت اور مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرکشمیریوں سے مکمل اظہارِ یک جہتی کے نعرے تحریر تھے جبکہ مظاہرین نے بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کا نشانہ بننے والوں کی تصاویر بھی آویزاں کر رکھی تھیں۔ریلی میں شریک نعیم چوہدری، مرزا آصف جرال، معروف سیاسی سماجی شخصیت قدیر احمد اور دیگر نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مغربی ذرائع ابلاغ اور وہاں کے حکمرانوں کو مقبوضہ کشمیر میں 83 روز سے نافذ کرفیو، وہاں کی سنگین صورتِ حال سے آگاہ کرنے کے لیے ان ممالک میں مظاہروں کا اہتمام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ان مظاہروں اور جدوجہد کی بدولت مسئلہ کشمیر ان ایوانوں میں زیر بحث لایا جارہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارتی قبضہ سے آزاد ہوگا۔