کراچی صدر اور طارق روڈ میں’نو انکروچمنٹ زون‘ بنانے کی تیاری
کراچی کے مرکزی علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کے بعد صدر اور طارق روڈ پر ’نو انکروچمنٹ زون‘ بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ کے نئے ڈائریکٹر طارق دھاریجو نے جنگ کو بتایا کہ سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر، ملیر اور دیگر علاقوں میں سرکاری اور غیر سرکاری املاک پر قبضے کرنے والوں کے خلاف آپریشن تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں مقامی پولیس کا بھی انتہائی تعاون حاصل ہے۔طارق دھاریجو کے مطابق کراچی کے ضلع جنوبی اور شرقی کے ڈپٹی کمشنرز کی منصوبہ بندی سے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے اطراف اور پریڈی اسٹریٹ جبکہ ضلع شرقی میں طارق روڈ کو مکمل طور پر ’نو انکروچمنٹ زون‘ بنایا جا رہا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ اس کے لیے کسی خاص آپریشن کی ضرورت نہیں تاہم ان علاقوں میں معمول کے مطابق لگنے والے ٹھیلوں، پتھاروں اور دکانوں کے باہر سامان لگانے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی جس کے لیے اینٹی انکروچمنٹ فورس کی نفری تعینات کی جائے گی۔ان علاقوں کی خوبصورتی بحال اور برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھی اقدامات کرے گی۔ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سندھ طارق دھاریجو نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن اور قبضہ ختم کرانے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی بہترین حکمت عملی کی تعریف کی۔

