نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جا سکتا.سائنسدان فواد چوہدری
فواد چوہدری صاحب کا یہ بیان ہے کہ عوام نوکریوں کے لیے حکومت کی جانب نہ دیکھیں۔ انہوں نے یہ خوش خبری بھی سنائی ہے کہ حکومت 400 محکمے بند کررہی ہے۔ فرماتے ہیں کہ ’نوکریاں حکومت نہیں نجی سیکٹر دیتا ہے۔فواد چوہدری سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر ہیں اور حکومتی امور کا تعین پولیٹیکل سائنس کا موضوع، چنانچہ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے سائنسدان فواد چوہدری نے دریافت کیا کہ ملازمت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری نہیں۔ اب معلوم نہیں کہ یہ دریافت ‘آپی آپ’ ہوگئی یا نیوٹن کی طرح ان کے سر پر بھی کوئی پھل آ بجا تھا۔نیوٹن کا دماغ تو سیب کی دھمک سے روشن ہوا تھا، لیکن جتنی بڑی دریافت چوہدری صاحب نے کی ہے اس اعتبار سے لگتا ہے ان کے سر پر کم ازکم تربوز یا پیٹھا آ گرا ہوگا۔ ممکن ہے اس دریافت پر لوگ انہیں ‘نیو ٹُن’ کہنا شروع کردیں۔اب آپ وہی گھسی پٹی باتیں کریں گے کہ ‘پھر عمران خان نے انتخابات کے دوران ایک کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیوں کیا تھا اور آبی وسائل کے وزیر فیصل واؤڈا نے کیوں دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں نوکریاں زیادہ ہوجائیں گی لوگ کم پڑجائیں گےعوام کو چاہیے کہ وہ تاجروں اور صنعت کاروں کو دیکھیں، جنہوں نے حکومت کی طرف دیکھنا چھوڑ کر کسی اور کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھا اور جب پیغام ملا کہ حکومت کی طرف دیکھ مگر پیار سے، تو نظر مایوس پلٹ آئی، اب لگتا ہے کہ وہ اپنے سرمائے سمیت ہوائی اڈے کا راستہ دیکھ رہے ہیں

