ٹیم سری لنکا کامیاب دورے کے بعد وطن روانہ
ٹیم سری لنکا کامیاب دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئی، اسٹیڈیم سے روانگی سے قبل اور ائیرپورٹ پر مہمان کھلاڑیوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ خصوصی تصاویر بنائیں اور ان کے ساتھ گفتگو بھی کی۔روانگی سے قبل کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے اراکین نے سیکیورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور سونئیرز بھی دیئے ۔اس موقع پر سری لنکن کھلاڑیوں نے کہا کہ موقع ملا تو دوبارہ پاکستان آئیں گے، خواہش ہے کہ پاکستان میں اسی طرح انٹرنیشنل کرکٹ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزارے ہوئے ایک ایک لمحے کو یاد رکھیں گے، سری لنکا کرکٹ نے سوشل میڈیا پر تصاویر لگا کر تھینک یو لاہور کا پیغام بھی دیا۔سری لنکا کرکٹ کے عہدیداروں نے پی سی بی اور سیکیورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا ، سری لنکن بیٹسمین دو نشکا کونا تھیلاکا نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک خاص دورے کا اختتام ہوگیا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پی سی بی کا شاندار اقدام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی بہت اچھی رہی ہر ملک کو یہاں جلد آنا چاہیے پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور کرکٹ دیکھنا شائقین کا حق ہے ۔

