وزیرِ اعظم کی طالبان وفد سے ملاقات نہیں ہوئی، فردوس عاشق
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ طالبان وفد کے ساتھ دفترِ خارجہ میں مذاکرات مفاہمتی عمل کے لیے نیک شگون ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز طالبان وفد کی وزیرِ خارجہ سے ملاقات اسی سلسلے کی کڑی تھی، ہم پر امید ہیں کہ اس سے عنقریب مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی، عالمی امن کے لیے مثبت ماحول پیدا کرنے میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور اس ضمن میں نشر اور شائع ہونے والی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔

