عبداللہ عبداللہ نے جیت کا دعویٰ کردیا
افغانستان کے چیف ایگزیکٹو اور صدارتی انتخابات میں صدر اشرف غنی کے حریف امیدوار عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے الیکشن میں اپنی جیت کا دعویٰ کردیا ہے۔ایک نیوز کانفرنس میں عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے کہا کہ افغان صدارتی انتخابات 2019ء میں اُنہیں سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان آزاد الیکشن کمیشن ہی کرے گا، صدارتی الیکشن دوسرے مرحلے میں نہیں جائیں گے۔افغانستان میں ہفتے کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر اشرف غنی، عبداللّٰہ عبداللّٰہ اور حکمت یار مضبوط امیدوار ہیں۔میڈیا رپورٹس میں حالیہ صدارتی انتخابات کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی شرح کے لحاظ سے 2001ء کے بعد سب سے کم قرار دیا گیاہے، ایسے میں ایک صدارتی امیدوار نے قبل از وقت اپنی کامیابی کا دعویٰ بھی کردیا ہے۔

