وزیر اعظم وطن واپس پہنچ گئے
وزیر اعظم عمران خان سات روزہ امریکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں ۔اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان کے طیارے نے لینڈنگ کی ہے، اس وقت ہزاروں کارکنان ان کے استقبال کے لیے موجود ہیں۔عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب کے بعد براستہ جدہ وطن واپس پہنچےہیں۔عمران خان کے استقبال کے لیے وفاقی کابینہ کے وزراء ، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان ، اسد عمر، و دیگر پی ٹی آئی رہنما و کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود ہیں۔وزیراعظم 21ستمبرکواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلیے نیویارک پہنچے تھے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں جہاں وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے دلائل کے ساتھ رکھا ،وہیں دنیا کو خطے میں زیر گردش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔ عمران خان نے مسئلہ کشمیر ،اسلامو فوبیا، منی لانڈرنگ اور موسمیاتی تبدیلی پر دو ٹوک انداز میں پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھا،ساتھ ہی سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے دار بھارت کی انتہاپسندی اورعالمی قیادت کی معاشی مفادات کےلیے انسانیت سوز خاموشی پر بھی ضرب لگائی۔

