کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف فرانس میں ریلی نکالی جائیگی
مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف فرانس کے درالحکومت پیرس میں ایک مرتبہ پھر سے ریلی نکالی جائے گی۔ذرائع کے مطابق فرانس کے درالحکومت پیرس میں لاکھوں کشمیریوں کو ایک ماہ سے بھارتی فوجیوں کی جانب سے یرغمال بنائے جانے کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے اتوار 8 ستمبر کو ریلی نکالی جائے گی۔اس سلسلے میں معروف کشمیری رہنما زاہد اقبال ہاشمی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے زاہد اقبال ہاشمی، راجہ اشفاق احمد، صدر ن لیگ کشمیر ونگ، مشتاق پاشا، مشتاق جرال، عمران رشید اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی بے حرمتی، بچوں پر مظالم اور خصوصی طور پر پیلیٹ گن سے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کرنے کی کارروائیوں سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے مظاہرےاور ریلیوں کا سلسلہ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک یہ مقامی حکمران اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آواز نہیں بنتے۔

