’نومبر، دسمبر میں پاک بھارت جنگ ہوتے دیکھ رہا ہوں‘
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نومبر اور دسمبر میں پاک بھارت جنگ ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 جنگیں ہو چکی ہیں یا ہونے کے قریب پہنچ کرواپس لوٹی ہیں، 23 دن سے ہٹلر اور خونخوارمودی کی وجہ سے کشمیر سے بارود کی بو آ رہی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی قسمت کا فیصلہ وہاں کے نوجوانوں کی جدوجہد کرے گی، سلامتی کونسل نے مسئلے کا حل نہیں کیا، اگر وہ سنجدہ ہوتی تو رائے شماری ہو چکی ہوتی۔ 25 کروڑ مسلمان آج پاکستان کی طرف دیکھ رہےہیں، آج ہمیں کشمیریوںکے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔وزیر ریلوےشیخ رشید نے کہاکہ 10 محرم کے بعد میں دوبارہ کشمیر کا دورہ کروں گا، ذہنی پستی کے شکار نریندر مودی کے راستے میں ایک ہی رکاوٹ ہے وہ ہے پاکستان، مودی کو افغانستان اور دیگر ممالک جانے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں چاہیے۔شیخ رشید نے کہا کہ کشمیری اتنی لمبی لڑائی لڑ رہے ہیں، عالمی اداروں کی زبانیں بند ہو چکی ہیں۔ میں نومبراور دسمبر میں پاک بھارت جنگ ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید نے کہاکہ تمام اختلاف ختم کر کے ہمیں ایک ساتھ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیکیولر بھارت ہے، نہرو اور گاندھی کا بھارت مر چکا ہے، جو سوچتے ہیں کہ مذاکرات کی گنجائش ہے وہ بے وقوف ہیں۔

