گجرات :ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی
گجرات ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی، تعلیمی اداروں میں سیمینارزکا انعقاد، بھارتی مظالم، کشمیریوں پر بھارتی افواج کے کلسٹر بموں سے حملوں کی مذمت کے لئے متفقہ قرار داد منظور کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر گجرات کی زیر قیادت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی کے شرکاء نے جی ٹی ایس چوک سے سروس موڑ کیطر ف مارچ کیا، اے ڈی سی ریونیو ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، سی ای او ایجوکیشن افضل شاہد، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر چوہان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں سیمینارز کاانعقاد بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت میونسپل ماڈل گرلز ہائی سکول میں منعقدہ سیمینار کے شرکاء نے متفقہ قرار داد میں کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیے۔ بھارت کیطرف سے کلسٹر بموں کا استعمال،ہر روز نیا ظلم، ہر لمحہ زندگی اجیرن کر دی ہے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ کشمیریوں پر مظالم بند کئے جائیں، پاکستانی عوام کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیری عوام کو انکا حق خود ارادیت دیا جائے، پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو انکا حق دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور مسلمانوں نے آزادی کیلئے عظیم جدوجہد کی ہے، وہ دن دور نہیں جب آزادی کا سورج انکا مقدر ہوگا