کراچی: جماعت اسلامی کا’کے الیکٹرک‘ کے دفتر کے باہر احتجاج
جماعت اسلامی کراچی نے کے الیکٹرک کے مرکزی دفتر کے باہر حالیہ بارشوں اور ہلاکتوں اور اووربلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کی قیادت نے ’کے الیکٹرک‘ کے خلاف 6 اگست کو 50 سےز ائد مقامات پر مظاہروں کا اعلان کیا۔مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، ایم پی اے سید عبدالرشید، کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کے والدین، دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے 6 اگست کو 50 سے زائد مقامات پر مظاہروں کا اعلان کیا اور کہا کہ عید الاضحیٰ کے بعد گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر بھی مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لوٹے خریدنے میں مصروف ہے جبکہ وفاقی وزیر عمر ایوب کے الیکٹرک کی حمایت کررہے ہیں کہ ان کا کوئی قصور نہیں۔مظاہرے سے خطاب میں سید عبدالرشید نے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ 5 سالوں سے احتجاج کررہی ہے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے تانے بانے کے الیکٹرک سے ملتے ہیں۔مظاہرے میں شامل کچھ افراد نے کے الیکٹرک دفتر کی جانب انڈے پھینکے تاہم پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا، جس کے بعد مظاہرہ ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

