مریم کے اکاؤنٹ میں 17ملین ٹی ٹی کے ذریعے منتقل ہوئے، شہزاد اکبر
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مریم صفدر کے اکائونٹ میں 17 ملین ٹی ٹی کے ذریعے منتقل ہوئے۔پریس کانفرنس سے خطاب میں شہزاد اکبر نے کہا کہ 2008ء میں ہل میٹل سے ٹرانزکشن مریم صفدر کے اکائونٹ میں ہوئی،ایک ٹی ٹی پکڑی گئی تو 26ملین کی ٹی ٹیز سامنے آگئیں۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کچھ رقم مریم صفدر کی طرف ٹرانسفر ہونے کی نشاندہی ہوئی تھی لیکن دستاویزات نہیں تھیں،اب وہ دستاویز سامنے آگئی ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ہل میٹل کیس عدالت میں زیر التوا ہے،اس سے متعلق خط لکھ دیا ہے،شواہد نیب کے ساتھ شیئر کرلئے ہیں، ادارہ مزید تفتیش کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ٹی ٹی کےذریعے منی لانڈرنگ کی گئی، شہبازشریف اور ان کے بچوں کے اثاثےٹی ٹیز کے ذریعے بنے، سلمان شہباز کی 90فیصد جائیداد ٹی ٹی پر کھڑی ہے۔شہزاد اکبر نے یہ بھی کہا کہ 90کی دہائی میں ایک خاندان نے ایسے قانون بنائے کہ باہر سے پیسہ آئے تو کوئی پوچھ گچھ نہ ہو، ہر ملزم کے پاس پلی بارگین کا آپشن موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ابھی تک لندن کی عدالتوں میں جانے کو بیتاب ہوں، آج ایک اور ٹی ٹی لے کر آیا ہوں،شاید وہ مجھے عدالت میں لے جائیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ماضی میں عوام کو بے دردی سے لوٹا گیا،وہ مضروضہ بھی ختم ہوگیا کہ یہ تو جدی پشتی امیر لوگ ہیں،ان کا سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک پاناما آگیا۔ان کا کہنا تھا کہ حمزہ اور سلیمان کا سارا معاملہ ٹی ٹیز پر کھڑا ہے، خاندان کے دوسرے حصے کی تحقیقات ہو رہی ہیں ،و ہاں بھی پیسا اسی طریقے سے آیا۔