رابرٹ سلبرسٹین، کراچی میں امریکی قونصل جنرل مقرر
رابرٹ سلبرسٹین نے یکم اگست سے کراچی میں امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھال لیا۔ وہ امریکی سینیئر فارن سروس کے کیریئر ممبر ہیں اور حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی میں انسپیکٹر جنرل کے دفتر میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور اس کے بیرون ملک مشنز کے معاملات کو بہتر بنانے میں مددگار رہے ہیں۔اس سے قبل قونصل جنرل سلبرسٹین امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے فارن سروس انسٹیٹیوٹ میں سینیئر مشیر کی حیثیت سے کام کرتے رہے جہاں انہوں نے ڈپارٹمنٹ کے ملازمتِ خارجہ اور سول سروس افسران کیلئے تربیتی اور تعلیمی نصاب ترتیب دیے۔قونصل جنرل سلبرسٹین لتھوانیا میں موجود امریکی سفارتخانے میں ڈپٹی چیف آف مشن رہنے کے ساتھ ساتھ نارڈک بالٹک معاملات کے آفس ڈائریکٹر اور جنوب وسطی یورپ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی دوسری خدمات میں ویتنام کے ہوچی منہ شہر اور کروشیا کے دارلحکومت زغرب میں واقع امریکی سفارتخانوں اور بھارت کے شہر چنائے میں موجود امریکی قونصل خانے میں تقرریاں بھی شامل ہیں۔قونصل جنرل کے پاس نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کالج آف انٹرنیشنل سکیورٹی افیئرز سے نیشنل سکیورٹی اسٹریٹجی اور جان ہاپکنز اسکول آف ایڈوانسڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز سے بین الاقوامی تعلقات اور بین الاقوامی معاشیات میں ماسٹرز کی ڈگریاں ہیں۔