50 لاکھ گھر بنانا کوئی آسان کام نہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی لوٹ مار کی وجہ سے خزانہ خالی ہے، 50لاکھ گھر بنانا کوئی آسان کام نہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ گوادر سے شروع کررہے ہیں تاکہ غریبوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو۔عمران خان نے مزید کہاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں ان لوگوں کو مکانات دیئے جائیں گے جن کا ذاتی مکان نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کے لئے اب مکان خریدنا آسان ہو گا، آسان قرض کی فراہمی کےلیے آرڈیننس پاس کرلیا، صرف عدالتی اجازت کا انتظار ہے۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سوا کروڑ گھروں کی کمی ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی بنانے کا مقصد لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کے ساتھ 40 مختلف صنعتیں جڑی ہوئی ہیں، اسٹیٹ بینک کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے کہ آسان قسطوں کا کیسے انتظام کر سکتے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے دس سال کی لوٹ مار کی وجہ سے قومی خزانہ خالی ہے، جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔