عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
اسلام آباد کی عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر اور کالم نویس عرفان صدیقی کو مقدمے سے بری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔عرفان صدیقی کو اسلام آباد میں مجسٹریٹ مہرین بلوچ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی۔واضح رہے کہ پولیس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ شب گرفتار کیا تھا، ان کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہوا تھا۔عرفان صدیقی کے بیٹے کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کو اسلام آباد پولیس نے گھر کے باہر سے گرفتار کر کے تھانہ رمنا اسلام آباد منتقل کیا تھا۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی رہنما و ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عرفان صدیقی کو وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے گرفتار کروایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گرفتاری پر میں وزیر داخلہ کو نامزد کروں گی، عرفان صدیقی کا قصور یہ ہے کہ وہ دانشور ہیں، مصنف ہیں، ماہرِ تعلیم ہیں جبکہ موجودہ حکومت کا ان چیزوں سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔