بلاول قومی اسمبلی میں نہ بول سکے، اجلاس ملتوی
قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری کو بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر پیپلز پارٹی کے ارکان نے احتجاجاً اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا۔ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے باربار وارننگ دی اور کہا کہ وفاقی وزیر شیخ رشید کی تقریر کے بعد بلاول بھٹو کو بولنے کی اجازت دی جائے گی۔پیپلز پارٹی ارکان کی طرف سے باری کا انتظار نہ کرنے پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کل (منگل) تک ملتوی کردیا،یوں بلاول بھٹو تقریر نہ کرسکےاسمبلی ہال سے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دوسری بار لاڑکانہ کے ایم این اے کو نہیں بولنے دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر نے مجھ سے قبل 2وفاقی وزرا کو بولنے دیا لیکن مجھے اجازت نہیں دی۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی پی ارکان کے احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے استفسار کیا کہ ’کیا آپ لوگ اجلاس ملتوی کرانا چاہتے ہیں؟‘انہوں نے کہا کہ اسپیکر پر اس طرح دبائو نہیں ڈالا جاسکتا، میں کہہ رہا ہوں،شیخ صاحب کو 2 منٹ بولنے دیں،پھر بلاول بھٹو کی باری آئی گی۔قاسم خان سوری کی یقین دہانی کے باوجود پی پی ارکان اسپیکر کی ڈائس سے نہیں ہٹے اور ایوان میں شور شرابہ بھی جاری رہا۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید تقریر کرنےکے لئے سازگار ماحول نہ ملنے پر بپھر گئے۔انہوں نے کہا کہ آج مجھے تقریر نہ کرنے دی گئی تو بلاول بھٹو سمیت کسی کو بھی بولنے نہیں دوں گا۔

