’مذہب کو سیاست اور دہشت گردی کی نظر سے نہ دیکھا جائے‘
سابق کرکٹر اور بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ مذہب کو سیاست اور دہشت گردی کی نظر سے نہ دیکھا جائے۔واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو میں نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ عمران خان نے 3 ماہ پہلے جو بیج بویا تھا وہ پودا بن چکا ہے،کرتار پور بارڈر کھلنے سے زیادہ خوشی کوئی نہیں۔سابق کرکٹر پاکستان دوبارہ آمد پر خوشی سے نہال نظر آئے ، انہوں نے کہا کہ کرتار پورڈ بارڈر کھلنے سے زيادہ خوشی نہ مجھے مل سکتی تھی نہ 12 کروڑ سکھوں کو، جس کے دامن میں خوشیاں ہی خوشیاں ہوں وہ کیوں نہ خوشی سے دیوانہ ہوجائے۔سدھو نے مزید کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں،میں دوستوں کے شہر لاہور آیا ہوں، فنکار اور کھلاڑی، پل بنانے والے اور نفرت کی دیوار گرانے والے ہیں،کرتار پور امن کا راستہ ثابت ہوگا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذہب کو سیاست اور دہشت گردی کی نظر سے نہ دیکھا جائے، 71 سال سے جو امید تھی، آج دونوں طرف سے وہ امید پوری ہونے جارہی ہے۔سابق بھارتی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ 90 فیصد بھارتی لوگ چاہتے ہیں کہ پاک بھارت میچ ہونے چاہئیں،کھلاڑیوں اور فنکار کی دونوں طرف عزت ہے، بھارت میں وسیم اکرم،نصرت فتح علی اور بڑے غلام علی کے لئے پسندیدگی ہے تو پاکستان میں شاہ رخ،سلمان اور عامر کے چاہنے والے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وعدے اور انڈے ٹوٹتے ہیں کوشش جاری رہتی ہے۔ اس دوران نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے مخصوص انداز میں اشعار بھی سنائے۔

