نواز شریف کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت مل گئی
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اپنے زیر حراست بھائی شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔نیب ذرائع کے مطابق نواز شریف کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کل اسلام آباد میں ہوگی۔نیب ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے دی۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل دونوں بھائیوں کی ملاقات کی ایک درخواست مسترد بھی ہوچکی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہباز شریف ان دنوں علیل ہیں اور مقامی نجی اسپتال میں ان کے میڈیکل ٹیسٹ بھی لیے گئے،جن کی رپورٹس کل پیر تک آنے کی توقع کی جارہی ہے۔نیب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کر رکھا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔مسلم لیگ ن اور شہباز شریف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ نیب کی جانب سے انہیں بلیک میل کیا جا رہا ہے اور کینسر کا مریض ہونے کے باوجود انہیں علاج و معالجے کی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔اس سے قبل شہباز شریف نے نیب کی جیل کو عقوبت خانے سے تشبیہ دی تھی۔اس طرح کے بیانات کی گزشتہ روز نیب نے سختی سے تردید کی تھی اور کہا تھا کہ نیب ہر ملزم کی عزت نفس کا خیال رکھتی ہے اور تمام ملزمان کو باقاعدگی سے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔

